شرقپورشریف (نیوز رپورٹر )وفاقی وزیر نیشنل فود سکیورٹی و ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کا مستقبل کی سیاست میں کوئی کردار نہیں،پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ انتشار اور مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے ،وفاق بڑے صبر سے کام لے رہا ہے کوئی ایکشن نہیں لے رہا جس سے خیبر پختوانخواہ حکومت ختم کی جائے ۔
پیپلز پارٹی کے رہنما سردار علی آصف کی رہائشگاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گھریلو اور صنعتی صارفین کے لئے بجلی سستی ہونے سے حقیقی ریلیف ملا ہے ،بجلی سستی کرنا وزیراعظم شہباز شریف کا تاریخی کارنامہ ہے ،اس سے پاکستان کی صنعت اور زراعت کو فائدہ ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بڑی جماعت اور ہماری اتحادی ہے اور رہے گی، اتحادیوں کے درمیان چھوٹے چھوٹے معاملات ہو جاتے ہیں ،دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے معاملے کو حل کر لیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام فلسطین کے ساتھ ہیں ، اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپورآواز بلند کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ غیر قانونی افغانیوں کو ہر صورت واپس بھیجا جائے گا ۔