راولپنڈی:عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچنے والے بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور ظہیر عباس چودھری کو جیل حکام نے ملاقات سے روک دیا۔
آج عمران خان اور بشریٰ بی بی سے ملاقات کا دن تھا، جس پر بشریٰ بی بی کے فیملی ممبران جیسے مہرالنساء اور مبشرہ شیخ بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔ انہیں جیل حکام کی اجازت کے بعد ملاقات کے لیے جیل جانے کی اجازت دی گئی۔
عمران خان سے ملنے کے لیے وکلاء علی ظفر، عالیہ حمزہ، نادیہ خٹک، ڈاکٹر علی عمران، پی ٹی آئی کی خاتون ورکر رضیہ سلطانہ، وکیل ظفر عباس، حسنین سنبل، راجہ متین اور عمران خان کے فوکل پرسن نیاز اللہ نیازی بھی جیل پہنچے تھے۔
تاہم، بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور ظہیر عباس چودھری کی گاڑی کو جیل کے قریب ناکے پر روک دیا گیا اور ان تینوں کو پیدل بھی جیل جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
سلمان اکرم راجہ نے اس رویے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملاقات کے لیے نام پہلے ہی بھیجے جا چکے تھے، پھر بھی انہیں ناکے لگا کر روکا گیا، جو سمجھ سے بالاتر تھا۔
اس دوران پولیس نے اڈیالہ جیل کے قریب پی ٹی آئی کارکنوں پر دھاوا بول دیا اور میڈیا کے قریب جمع ہونے والے چار کارکنان کو حراست میں لے لیا، جن میں دو خواتین بھی شامل تھیں۔