اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں 9 ستمبر 2025 تک توسیع کر دی ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افضل مجوکا کی عدالت میں عمران خان کے خلاف چھ اور بشریٰ بی بی کے خلاف ایک مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، تاہم عمران خان کی عدم موجودگی کے باعث ایک بار پھر کیسز پر دلائل نہ دیے جا سکے اور بشریٰ بی بی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ بھی سنایا نہیں جا سکا۔
گزشتہ سماعت پر عدالت نے عمران خان کو پیش کرنے یا ویڈیو لنک کے ذریعے حاضری کا حکم دیا تھا، تاہم اس پر عملدرآمد نہ ہو سکا۔ عدالت نے تمام درخواستوں پر سماعت ملتوی کرتے ہوئے عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی۔
سماعت کے دوران عمران خان کی جانب سے خالد یوسف چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
یاد رہے کہ عمران خان پر احتجاج، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، اقدام قتل اور دیگر سنگین الزامات کے تحت پانچ مقدمات درج ہیں۔ علاوہ ازیں، عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ کیس میں جعلی رسیدوں کی بنیاد پر ایک الگ مقدمہ بھی درج ہے۔









