فیصل آباد (نمائندہ خصوصی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف راجہ ریاض احمد نے کہا ہے کہ عمران خان سے اس قوم کو نجات دلانے میں ہمارا مرکزی کردارہے،
میں نے عمران خان کو آگاہ کیا کہ بزدار پنجاب میں کرپشن کررہا ہے،میرے پاس ایجنسیوں کی رپورٹیں تھیں ایک سال قبل جب عمران خان عروج پر تھا،تمام اسٹیبلشمنٹ اس کے ساتھ کھڑی تھی اور پورے ملک میں اس کا طوطی بولتا تھا اس دور میں جو کوئی اس کے خلاف بات کرتا تھا اس کے خلاف کیس اور اسے نیب میں پیشیاں بھگتنی پڑتی تھیں،ایک آدمی کی پورے پاکستان پر حکمرانی تھی ایسے حالات میں اس کے خلاف عدم اعتماد آئی،ہم تو اس کے خلاف پہلے ہی علم بغاوت اس وقت بلند کرچکے تھے جب اس نے جہانگیر ترین کے خلاف مقدمہ درج کرایا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے رہنما امیدوار برائے چیئر مین سی سی 10 رانا عمران منج کی رہائش گاہ پر آئی این پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،سابق ایم پی چوہدری ظفر اقبال ناگرہ،سابق ناظم سدھو پورہ رانا شبیر حسین منج، چوہدری محمد نواز، فہد جٹ، رانا ارشاد منج، رانا احسان،چوہدری علی اصغر اور دیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ میں یہ فخر سے کہہ رہا ہوں کہ وزیر اعظم ہاﺅس میں عمران خان سے ون آن ون ملاقات میں اس طرف توجہ دلائی کہ بزدار پنجاب میں کرپشن کررہا ہے،میرے پاس ایجنسیوں کی رپورٹیں بہت اچھی ہیں،آپ کے ساتھ سازش ہورہی ہے یہ کرپشن کے کھرے آپ کے گھر بنی گالا تک جاتے ہیں۔
اسی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد آئی تو ان کے اتحادی ان کو چھوڑ گئے، تمام بیساکھیوں نے ساتھ چھوڑ دیا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمیں کہا گیا کہ اپ کے کام کو سنہری حروف میں لکھا جائے گا،انہوں نے کہا کہ پھر کہا کہ اس اسمبلی میں نہیں بیٹھتا اب پھر آکر یہاں منتیں کرتے ہیں کہ ان کو بحال کیا جائے۔عمران خان اسمبلی میں واپس آئیں انہیں میں خود ویلکم کروں گا۔