راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے وضاحت کی ہے کہ پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کے ساتھ ان کا کوئی اختلاف یا تلخ کلامی نہیں ہوئی۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجا ہمارے وکیل ہیں اور فیملی کی طرح ہیں، اس لیے ان کے استعفے کو ذاتی معاملہ سمجھا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی سپریم کورٹ سے ضمانت کے باوجود ہمارے بچوں کو بلاوجہ گرفتار کیا گیا، مگر یہ ہتھکنڈے ہمیں خوف زدہ نہیں کرسکتے۔ علیمہ خان نے کہا کہ "یہ حکومت نوجوانوں سے ڈر گئی ہے، اگر چاہیں تو ہمیں بھی گرفتار کرلیں، ہم ڈرنے والے نہیں۔”
عظمیٰ خان نے بھی ضمنی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ بانی تحریک انصاف پہلے ہی واضح کرچکے ہیں کہ ان انتخابات میں حصہ لینے سے پارٹی کو نقصان ہوگا کیونکہ یہ انتخابی عمل پہلے ہی متنازع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ہدایت دی ہے کہ تحریک پر توجہ دی جائے، کیونکہ الیکشن میں جانے سے نااہلیوں کو جواز ملے گا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران علیمہ خان نے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "آپ شیطانی سوال نہ کریں، ہمارے بچے اور بھائی جیل میں ہیں، کم از کم تھوڑا لحاظ کریں۔”









