عصمت زیدی

عصمت زیدی سینئر فنکاروں کے ساتھ ناروا سلوک پر برہم

کراچی (شوبز ڈیسک) سینئر اداکارہ عصمت زیدی نے ڈرامہ انڈسٹری میں سینئرز کے ساتھ ہونے والے برے سلوک اور غیر پیشہ ورانہ رویوں کا پردہ چاک کر دیا ہے۔

حال ہی میں ایک شو کے دوران بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ہمارے ڈراموں کے سیٹ کا روزمرہ کا طریقہ کار بالکل تباہ ہو چکا ہے، یہاں اداکاروں سے بارہ بارہ گھنٹے سے بھی زیادہ طویل شفٹوں میں کام لیا جاتا ہے۔انہوں نے نئے اسٹارز کے نخروں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سب کو نئے آنے والے اسٹارز کی خواہشات کے مطابق ہی جینا پڑتا ہے۔

عصمت زیدی نے انتہائی دکھ سے شوٹنگ سیٹ پراپنے ساتھ پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے سیٹ پر موجود اس غیر پیشہ ورانہ ماحول اور بدانتظامی کے خلاف آواز اٹھائی، تو ایک ہدایت کار نے پچاس لوگوں کے سامنے ان پر اونچی آواز میں چیخنا چلانا شروع کر دیا۔انہوں نے انتہائی افسوس کے ساتھ کہا کہ اس موقع پر سیٹ پر موجود کسی ایک شخص نے بھی ان کا ساتھ نہیں دیا حالانکہ اس وقت وہ رو رہی تھی اور ان کی آنکھوں سے آنسو جاری تھے۔انہوں نے شکایت کرتے ہوئے مزید کہا کہ پوری دنیا میں سینئر فنکاروں کو بہت عزت و احترام دیا جاتا ہے لیکن ہمارے ملک میں سینئرز کی کوئی عزت نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وہ انڈسٹری میں بڑھتے ہوئے اس غیر پیشہ ورانہ رویے اور معاوضوں کی ادائیگیوں میں تاخیر جیسے دیگر مسائل کا سامنا بڑی ہمت سے کر رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں