اسلام آباد:
احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مقدمات میں عدالتی حکم کے باوجود پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کو آج بھی عدالت میں پیش نہیں کیا جا سکا۔
ایڈیشنل سیشن جج محمد افضل مجوکا نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف کیسز کی سماعت کی۔ وکیل خالد یوسف چوہدری عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ عمران خان کو عدالت میں پیش کیے جانے کا حکم پہلے سے موجود ہے۔
عدالت نے جیل حکام سے ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کی صورتحال معلوم کی، تاہم بتایا گیا کہ انٹرنیٹ کی خرابی کے باعث ویڈیو لنک بھی ممکن نہ ہو سکا۔
درخواست گزار کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ متعدد عدالتی احکامات کے باوجود پیشی نہیں ہو رہی، اس صورتحال میں انصاف کے تقاضے کے تحت میرٹ پر فیصلہ سنایا جائے۔