دمشق(انٹرنیشنل ڈیسک)شامی عبوری وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے اس اعلان کا اعادہ کیا ہے کہ بشارالاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد یکم مارچ کو شام میں نئی اور عبوری حکومت مکمل کر لی جائے گی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق الشیبانی نے کہا کہ عبوری حکومت شام کے تمام طبقوں کی نمائندگی کرے گی۔ وہ متحدہ عرب امارات میں جاری حکومتوں کی عالمی کانفرنس کی سائیڈ لائنز میں گفتگو کر رہے تھے۔یاد رہے بشارالاسد کا تختہ الٹنے کے بعد شام میں ھیتہ التحریر الشام نے اقتدار سنبھال لیا تھا۔ آٹھ دسمبر سے شام میں نئی جماعت بر سر اقتدار ہے۔ تب سے محمد البشیر اس نئی حکومت کے عبوری وزیر اعظم ہیں۔
جبکہ بعض وزارتوں کے قلمدان بھی تفویض کیے جا چکے ہیں۔ البتہ حکومت کی تکمیل ہونا باقی ہے۔ھیتہ التحریر کے سربراہ احمد الشرع نے ملکی صدارت سنبھال لی ہے اور مختلف طبقات کے ساتھ ملاقاتیں کر چکے ہیں۔ نیز نئی فوج کی تشکیل کا آغاز کر چکے ہیں۔