آج دنیا بھر میں صحت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے جس کا مقصد عوام میں صحت سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے۔
یہ دن ہر سال 7 اپریل کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور دیگر متعلقہ اداروں کے اشتراک سے منایا جاتا ہے۔ 1948 میں ڈبلیو ایچ او نے پہلی عالمی صحت اسمبلی کا انعقاد کیا تھا، جس کے بعد 1950 سے ہر سال 7 اپریل کو عالمی یومِ صحت منانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس دن کو ڈبلیو ایچ او کے قیام کی یاد میں منایا جاتا ہے اور یہ دنیا بھر میں صحت کے مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کا ایک موقع ہے۔ ڈبلیو ایچ او اس دن عالمی، علاقائی اور مقامی تقریبات کا انعقاد کرتا ہے۔ مختلف حکومتیں اور غیر سرکاری تنظیمیں بھی صحت عامہ کے مسائل پر آگاہی بڑھانے کے لیے مختلف سرگرمیاں منعقد کرتی ہیں۔
عالمی یومِ صحت ڈبلیو ایچ او کی طرف سے منائے جانے والی 11 اہم عالمی صحت مہمات میں سے ایک ہے، جس کے علاوہ تپ دق کا عالمی دن، عالمی حفاظتی ٹیکوں کا ہفتہ، ملیریا کا عالمی دن، تمباکو نوشی کا عالمی دن اور کئی دیگر عالمی دن بھی شامل ہیں۔









