کراچی ایئرپورٹ سے لاپتا ہونے والے شخص کی بازیابی کے لیے سندھ ہائیکورٹ نے اہم حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے ایس ایچ او تھانہ ایئرپورٹ کو لاپتہ شہری کاشف علی کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
درخواست گزار کے وکیل کے مطابق، کاشف علی 27 مارچ کو اپنی اہلیہ کے ساتھ بیرون ملک روانہ ہونے والا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دونوں کو طیارے سے آف لوڈ کیا۔ بعد میں اہلیہ کو چھوڑ دیا گیا، مگر کاشف علی تاحال لاپتا ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ کاشف کی بازیابی کے لیے کئی درخواستیں دی جا چکی ہیں، مگر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، اور نہ ہی پولیس مقدمہ درج کر رہی ہے۔
عدالت نے یہ کیس آئینی بینچ کو بھجواتے ہوئے فوری طور پر گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دے دی۔