واشنگٹن(انٹرنیشنل نیوز )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ(آئی سی ای )کا نام تبدیل کر کے نیشنل امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (نائس) رکھنے کی تجویز کی حمایت کر دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی سی ای کا نام تبدیل ہونے کے بعد میڈیا کو وفاقی اہلکاروں کو نائس ایجنٹس کہنا پڑے گا۔ٹرمپ انتظامیہ اس سے قبل بھی محکمہ دفاع کا نام تبدیل کر محکمہ جنگ رکھ چکی ہے۔یہ خیال ایک قدامت پسند سوشل میڈیا انفلوئنسر ایلیسا میری نے 1 ماہ قبل پیش کیا تھا۔25 مارچ 2026 کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں چاہتی ہوں کہ ٹرمپ آئی سی ای ) نام تبدیل کر کے نائس رکھ دیں تاکہ میڈیا کو ہر وقت نائس ایجنٹس کہنا پڑے۔
صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے ایلیسا میری کی پوسٹ کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور لکھا کہ زبردست خیال ہے، اسے نافذ کرنا چاہیے۔یہ تجویز ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آئی سی ای کو عوام اور میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے، خاص طور پر ان واقعات کے بعد جن میں وفاقی اہلکاروں کی کارروائیوں کے دوران 2 امریکی شہری ہلاک ہوئے۔












