اسلام آباد(کورٹ نیوز)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صحافی وحید مراد کو وردی میں ملبوس افراد نے گھر سے اٹھاکر لاپتہ کردیا، نوجوان صحافی کی بازیابی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ۔
صحافی وحید مراد کی ساس کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری دفاع ، آئی جی اسلام آباد پولیس اور ایس ایچ او تھانہ کراچی کمپنی کو فریق بنایا گیا ہے۔صحافی وحید مراد کی ساس نے اسلام آباد میں ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ رات 2 بجے وردی میں ملبوس افراد ہمارے گھر آئے، پولیس کی 2 گاڑیاں بھی ان کے ساتھ نظر آرہی تھیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ کالی وردی میں ملبوس لوگ وحید مراد کو زبردستی اٹھا کر لے گئے، درخواست گزار کے مطابق گھر آنے والے افراد نے ان کے ساتھ بھی بدتمیزی کی ہے۔درخواست گزار کے مطابق تھانہ کراچی کمپنی میں درخواست دی لیکن مقدمہ درج نہیں ہوا، عدالت سے استدعا ہے کہ وحید مراد کو فوری بازیاب کرانے اور غیر قانونی طور پر اٹھانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔