پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا فیصل نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں دو ماہ قبل بھارت کے ایک بڑے کمرشل میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی، جسے انہوں نے مسترد کر دیا۔
ایک نجی مارننگ شو میں گفتگو کے دوران صبا فیصل نے بتایا کہ انہیں آڈیشن کے لیے دعوت دی گئی تھی، لیکن وقت کی کمی اور ذاتی اصولوں کی وجہ سے انہوں نے انکار کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کے کوآرڈی نیٹر نے حیرت کا اظہار کیا کہ اتنی بڑی پیشکش کو کیوں رد کیا، لیکن ان کے نزدیک یہ فیصلہ اس وقت درست لگا۔
صبا فیصل نے کہا کہ وہ ممکنہ طور پر منتخب بھی ہو جاتیں، تب بھی موجودہ حالات میں بھارت کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے قابل قبول نہ ہوتا۔ ان کا واضح مؤقف تھا کہ بطور پاکستانی، انہیں اپنے ملک کا وقار عزیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ کشیدگی کے تناظر میں بھارت کے الزامات بے بنیاد ہیں، اور کشمیر کے عوام بھی اس کی تردید کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھارتی حلقوں کی پاکستان مخالف مہم دیکھ کر افسوس ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں صبا فیصل نانی بنی ہیں اور انہوں نے اپنے نواسے "محمد حذیفہ ارسلان” کی پیدائش کی خوشخبری سوشل میڈیا پر مداحوں سے شیئر کی ہے۔