شہید آیت اللہ علی خامنہ ای

شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات ایران اور عراق میں ہوں گی

تہران(انٹرنیشنل نیوز )شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات ایران اور عراق کے پانچ بڑے شہروں میں ہوں گی، تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ایرانی حکام کے مطابق یہ رسومات کل ہفتے کے روز سے شروع ہوں گی، تہران کے بڑے مصلی کمپلیکس میں ان کا جسدِ خاکی رکھا جائے گا ۔

عوام کو آخری دیدار کا موقع دیا جائے گا اور پیر کے روز تہران کی سڑکوں سے جنازے کو جلوس کی صورت میں گزارا جائے گا۔مرکزی جنازے کے جلوس کے بعد میت کو قم سے عراقی شہر نجف اور کربلا لے جایا جائے گا، ان تمام شہروں میں رسومات کی ادائیگی کے بعد نو جولائی کو انہیں تدفین کے لیے دوبارہ ایران میں ان کے آبائی شہر مشہد لایا جائے گا۔ شہید سپریم لیڈر کی تعزیتی تقریبات اور جنازے میں ایک کروڑ 50 لاکھ سے 2 کروڑ افراد کی شرکت متوقع ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لئے ایرانی فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور ملک کی سرحدوں پر پہرا مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

روس، چین اور پاکستان سمیت 30 سے زائد ممالک کے اعلی حکام کی جنازے میں شرکت متوقع ہے، 90 ممالک کے مذہبی رہنما بھی شہید سپریم لیڈر کے جنازے میں شرکت کریں گے۔ترجمان ایرانی مسلح افواج بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمینیا نے کہا ہے کہ غیر ملکی رہنماﺅ ں اور مذہبی شخصیات کی آمد کے پیش نظر فوج کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔محمد اکرمینیا نے کہا کہ بری، بحری اور فضائی افواج نے ملکی سرحدوں پر اپنی تعیناتی اور گشت میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے، فضائی دفاعی نظام بھی مسلسل ایرانی فضائی حدود کی نگرانی کر رہا ہے۔ آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات کا یہ سلسلہ چھ دنوں تک جاری رہے گا جو ایران اور پڑوسی ملک عراق کے پانچ مختلف شہروں میں منعقد کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ لکھیں