ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شیٹی پر 16برس پرانا فحاشی کا کیس خارج کردیا گیا۔
2007 میں بھارت میں ایڈز سے متعلق آگاہی کے ایک پروگرام کے دوران سب کے سامنے امریکی اداکار و سماجی کارکن رچرڈ گیئر کے شلپا شیٹی کو بوسہ دینے پر فحاشی کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا۔یہ واقعہ بھارت میں بڑے پیمانے پر احتجاج کا باعث بھی بنا کیونکہ بہت سے لوگوں کا خیال تھا کہ یہ بھارتی ثقافت کی توہین ہے، اس لیے دونوں اداکاروں کے خلاف انڈین پینل کوٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت کئی مقدمات درج کیے گئے تھے۔
اس کیس کو طویل قانونی جنگ کے بعد ممبئی منتقل کیا گیا تھا جہاں شلپا شیٹی کے وکیل نے اپیل کو خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیس کافی عرصے سے زیر التوا ہے اور اداکارہ کی جانب سے فحاشی پھیلانے کا کوئی ثبوت بھی نہیں ملا۔ جس پر عدالت نے 16 سال پرانے اس کیس کو ختم کرتے ہوئے ریاست کی طرف سے دائر کی گئی فوجداری نظرثانی کو خارج کردیا۔









