پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنماء شاہ محمود قریشی نے عمر کوٹ میں احتجاج کی قیادت کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ لاہور میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "پی ٹی آئی کی باہر بیٹھی قیادت وہ نہ کر سکی جو میں نے جیل میں بیٹھ کر کیا۔” انہوں نے مزید کہا کہ عمر کوٹ میں احتجاج کی قیادت جیل سے بیٹھ کر کر رہا ہوں، جبکہ پی ٹی آئی کی قیادت باہر بیٹھی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی سندھ میں پانی کے مسئلے پر مگرمچھ کے آنسو بہا رہی ہے، اور کہا کہ جب منصوبہ منظور ہوا تو پیپلز پارٹی خاموش تھی، لیکن جب ارسا نے پانی کی دستیابی کا سرٹیفیکیٹ جاری کیا، تو پیپلز پارٹی نے احتجاج شروع کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو دبئی میں کیا کر رہا ہے، جب کہ سندھ میں عوام احتجاج کر رہے ہیں، اور اب زر اور زرداری کی سیاست نہیں چل سکے گی۔ قریشی نے یہ بھی کہا کہ "بھٹو کا وارث بھٹو ہی ہو سکتا ہے، زرداری نہیں ہو سکتا” اور سندھ کی عوام سے اپیل کی کہ وہ عمر کوٹ کے احتجاج میں شرکت کریں۔









