بالی ووڈ کے سُپر اسٹار شاہ رخ خان اپنی نئی فلم "کنگ” کی شوٹنگ کے دوران ایک خطرناک ایکشن سین میں زخمی ہو گئے، جس کے بعد اُنہیں فوری طور پر علاج کے لیے امریکہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
یہ واقعہ ممبئی میں اس وقت پیش آیا جب فلم کا ایک ہائی وولٹیج ایکشن سین فلمایا جا رہا تھا اور شاہ رخ نے اسٹنٹ خود کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسی دوران اُن کی کمر میں چوٹ آئی۔ اگرچہ چوٹ سنگین نوعیت کی نہیں بتائی گئی، تاہم ڈاکٹروں نے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، جس کے باعث شوٹنگ کو فی الحال روک دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب شاہ رخ خان شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئے ہوں۔ ماضی میں بھی، خاص طور پر 2017 میں فلم "زیرو” کے سیٹ پر اُنہیں گردن میں چوٹ آئی تھی اور تب بھی اُنہیں امریکہ میں علاج کروانا پڑا تھا۔
اس بار فلم "کنگ” کی شوٹنگ کا شیڈول متأثر ہوا ہے، لیکن پروڈیوسرز اداکار کی صحت کو ترجیح دے رہے ہیں۔ فلم کی ہدایت اب سدھارتھ آنند دے رہے ہیں، اور دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہ رخ کی بیٹی سہانا خان بھی اسی فلم کے ذریعے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کر رہی ہیں۔
فلم میں ابھیشیک بچن بھی اہم کردار میں جلوہ گر ہوں گے، اور اطلاعات کے مطابق فلم میں باپ بیٹی کے تعلق کو بھی نمایاں طور پر پیش کیا جائے گا۔
مداح شاہ رخ خان کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں، اور اُمید ظاہر کی جا رہی ہے کہ فلم اپنی ریلیز کی متوقع تاریخ 2026 کے اوائل میں ہی سینما گھروں کی زینت بنے گی۔