لاہور( کامرس ڈیسک) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام کے بغیر معیشت کی مضبوطی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ،
صاف اور شفاف انتخابات کے نتیجے میں آنے والی حکومت کو معیشت کی بحالی کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے ، امید ہے جو بھی سیاسی جماعت اقتدار میں آئے گی وہ سولو فلائٹ کی بجائے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے معاشی پالیسیاں تشکیل دے گی ۔
اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ دھکا لگانے کے باوجود پاکستان کی معیشت کی گاڑی نہیں چل رہی اور اسے چلانے کیلئے بیگاڑ ختم کرنا ہو ںگے جو سرجری کے بغیر ممکن نہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں آبادی کے لحاظ سے پانچواں بڑا ملک ہے لیکن ہم نے کشکول بھی اتنا ہی بڑا اٹھایا ہوا ہے ، جو بھی حکومت آئے وہ سب سے پہلے معیشت کے پہیے کو چلانے کے ساتھ قرض اتارنے کی قومی پالیسی تشکیل دے ، معیشت کو سیاسی جھگڑوں کے جھٹکوں سے بچانے کیلئے میثاق معیشت کیا جائے ۔
اشرف بھٹی نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر جس نہج پر پہنچ گیا ہے ہمارے پاس بہت کم وقت رہ گیا ہے اس لئے سیاسی جماعتوں کو اپنے مفادات کو پس پشت ڈال کر سب سے پہلے ملک کے بارے میں سوچنا ہوگا ۔