سکھر(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر تخفیف غربت شازیہ مری نے کہا ہے کہ سیاست کانٹوں کی سیج ہے مگر اس کے باوجود ہم ملک و قوم کیلئے سیاست کررہے ہیں ،پی ٹی آئی ملک کو کمزور اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں ملک کو مستحکم بنانا چاہتی ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نے سکھر ایئرپورٹ پر گڑھی خدابخش روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہاکہ عمران خان کو ہیلی کاپٹر کی لت لگ چکی ہے جو اب بڑی مشکل سے ختم ہوگی وہ ذاتی انا کیلئے ملک کو ڈیفالٹ کی طرف لیجانا چاہتے ہیں ،اگر ہم عمران خان کو نہ ہٹاتے تو ملک سری لنکا کی طرح ڈیفالٹ کرچکا ہوتا۔
وفاقی وزیرنے کہاکہ پی ٹی آئی کو استعفے دینے سے کس نے روکا ہے ان کے ممبران تو استعفے دے کر پھرسپیکر کے پاؤں پکڑ لیتے ہیں کہ ان کی تنخواہ اور مراعات بند نہ کی جائیں ۔انہوںنے کہاکہ کے پی کے حکومت دہشتگردوں کے سامنے لیٹ چکی ہے ،ان کا مقابلہ نہیں کرپارہی ہے ہم نے ملک کی خاطر پی ڈی ایم کا ساتھ دے کر نالائق حکومت کا خاتمہ کیا ،سندھ میں امن و امان کی بات کرنے والے دیگر صوبوں میں الن وامان کی حالت کو بھی سامنے رکھیں۔