مریدکے(نمائندہ خصوصی) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سیاست اور سیاسی مقاصد بعد میں سب سے پہلے پاکستان ہے ،یہی وجہ ہے پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی مفادات کو ترجیح دی ہے ۔
مریدکے سے ایم این اے کے سابق ٹکٹ ہولڈر چوہدری صابر حسین بھلہ ایم پی اے کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری دانش گجر اور ضلعی صدر ملک جمشید شہباز کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی ہے اس کی سیاست کا محور پاکستان اور عوام کی خدمت خوشحالی ہے ۔
انہوں نے کہا لپ پاکستان میں آج جمہوریت اور امن کا پرچم لہرا رہا ہے اس کے پیچھے پاکستان پیپلز پارٹی کے شہدا کا خون ہے اس خون کے ہم محافظ ہیں اور عہد کرتے ہیں پاکستان کو خوشحال عظیم وطن بناکر دم لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بھر پور تیاریوں سے الیکشن میں اترے گی اور جیت کر انشااللہ بلاول بھٹو کو وزیر اعظم پاکستان بنائے گی ۔انہوں نے کہا کہ شہادتوں اور پاکستان کی ترقی خوشحالی کا چولی دامن کا ساتھ ہے آج پاکستان خوشحالی کی منزلیں طے کررہا ہے جمہوریت تناول درخت بن چکی ہے اس کے پیچھے ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادتیں ہیں ۔
انہوں نے جو فلسفہ سیاست دیا اسی پر قائد آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو اور پارٹی قیادت عمل کررہی ہے ۔ پرویز اشرف نے کہا کہ بلاول بھٹو کی کامیاب خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان کی دنیا میں عزت بحال ہوئی ،سابقہ حکومت نے ہماری خارجہ پالیسی کو بہت نقصان پہنچایا تھا پاکستان کے دوست ممالک ناراض کردئے تھے پاکستان کو تنہا کردیا تھا اب ہر ملک ہمارا دوست ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک موٹرویز ایٹمی پاکستان کراچی کی روشنیاں واپس لانا سیاسی معاشی استحکام جمہوریت کا تسلسل پیپلز پارٹی کی خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہیں ،ہم نے انتقام کی سیاست کو دفن کیا محبت بھائی چارے عوامی خدمت کا پیغام عام کیا ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن آرہے ہیں وقت پر ہونگے پیپلز پارٹی جیتے گی۔









