اسلام آباد(کورٹ نیوز )انسداد دہشت گردی عدالت نے وزیراعلی کے پی سہیل آفریدی کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے پی ٹی آئی کے کئی رہنماﺅ ں کو اشتہاری قرار دے دیا۔
پی ٹی آئی کے 4 اکتوبر احتجاج کے دوران پولیس اہلکار کی شہادت سے متعلق مقدمے کی سماعت اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی، کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔سماعت کے دوران وزیراعلی سہیل آفریدی کے دوبارہ وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے گئے، عدالت نے سابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، عامر مغل، حفیظ الرحمن اور دیگر ملزمان کو اشتہاری قرار دئیے جانے کا حکم بھی برقرار رکھا۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما اعظم سواتی عدالت میں پیش ہوئے، جس کے بعد ان کی حد تک مقدمے کا ٹرائل جاری رکھا گیا۔یاد رہے کہ یہ مقدمہ 4 اکتوبر کے احتجاج کے دوران ایک پولیس اہلکار کی شہادت کے واقعہ سے متعلق درج کیا گیا تھا، پی ٹی آئی رہنماﺅں کے خلاف یہ مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ نون میں درج ہے۔