سڈنی (سپورٹس ڈیسک) آسٹریلیا نے عظیم کرکٹرز سچن ٹنڈولکر اور برائن لارا کے لیے سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں اعزاز کا اعلان کیا۔
اس حوالے سے کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ سڈنی کرکٹ گرائونڈ کے دو گیٹ عظیم کرکٹرز کے ناموں سے منسوب کر دیئے گئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ سچن ٹنڈولکر کی 50ویں سالگرہ کے موقع پر اور برائن لارا کی ایس سی جی میں 277رنز کی اننگز کو تیس سال مکمل ہونے پر اعزاز دیا گیا ہے۔مہمان ٹیم کے کھلاڑی گراونڈ میں لارا ٹنڈولکر گیٹس سے داخل ہوں گے جبکہ آسٹریلیا کرکٹ ٹیم سر ڈان بریڈ مین گیٹ سے گراونڈمیں داخل ہوتی ہے۔
سابق بھارتی اسٹار بیٹر سچن ٹنڈولکر نے کہا ہے کہ بھارت سے باہر ایس سی جی میرا فیورٹ گراونڈ ہے، میری اس گرائونڈ کے ساتھ بڑی یادیں وابستہ ہیں۔سچن ٹنڈولکر کا کہنا تھا کہ اعزاز کی بات ہے کہ مہمان ٹیمیں میرے اور میرے قریبی دوست برائن کے نام سے منسوب گیٹ استعمال کریں گی۔
ویسٹ انڈیز کے سابق مایہ ناز بیٹر برائن لارا نے کہا کہ سڈنی کرکٹ گرائونڈ میں اعزاز دیا جانا قابل فخر ہے، میں جب آسٹریلیا آتا ہوں تو ایس سی جی ضرور آتا ہوں۔ایس سی جی میرے لیے ایک خاص جگہ ہے اور اس کے ساتھ میر بڑی یادیں وابستہ ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل سر ڈان بریڈ مین، ایلن ڈیوڈسن اور آرتھر مورس کے ناموں سے گیٹ منسوب ہیں۔









