سوڈان

سوڈان میں انسانی ہمدردی کی کارروائیاں جدہ سے شروع کردیں، ریڈ کراس

جدہ(نیوز ڈیسک)انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس نے سوڈان میں اپنی انسانی ہمدردی کی کارروائیوں کا آغاز جدہ شہر کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے سے کردیا ہے تاکہ اس کی کارروائیوں کی معاونت کرنے والے انسانی ہمدردی کے عملے کی تیز رفتار نقل و حرکت کو آسان بنایا جا سکے اور وہاں کی فوری ضروریات کے لیے ہنگامی ردعمل کو بڑھایا جا سکے۔

کمیٹی کے عہدیدار نے عرب ٹی وی کو خصوصی بیانات میں بتایا کہ مغربی سعودی عرب کا شہر جدہ پورٹ سوڈان شہر سے تقریبا ایک گھنٹے کی مسافت پر ہے لہذا اسے بہترین سٹریٹجک مقام سمجھا جاتا ہے جو ہماری انسانی ہمدردی کی کارروائیوں کو زیادہ مثر طریقے سے نافذ کرنے میں مدد دیتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جدہ شہر ایک فعال فیلڈ آپریشنل سینٹر ہے جو انہیں سوڈان کے اندر اور باہر اپنے عملے کو زیادہ رفتار اور لچک کے ساتھ تعینات کرنے کے قابل بناتا ہے جس سے انسانی ہمدردی کی کارروائیاں مضبوط ہوتی ہیں اور تنازع سے متاثرہ آبادی کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کا موقع ملتا ہے۔

افریقہ میں انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس نے تصدیق کی ہے کہ جدہ سے ان کے طیارے کا آپریشن ٹیموں کو تیزی سے تعینات کرنے، متاثرہ کمیونٹیز کے قریب ایک پائیدار فیلڈ موجودگی برقرار رکھنے اور تنازع سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے لوگوں کو بنیادی تحفظ اور امداد کی فراہمی جاری رکھنے کی صلاحیت کو نمایاں طور پر بڑھاتا ہے۔

سعودی عرب نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ اس کی ترجیح سوڈان کے استحکام کو حاصل کرنا، فوری جنگ بندی تک پہنچنا، سوڈانی ریاست کے اداروں کو تباہی سے بچانا اور اس کی وحدت، علاقائی سالمیت اور اثاثوں کا تحفظ کرنا ہے۔ سعودی عرب نے یہ واضح کیا کہ بحران کے حل کے لیے ایک سوڈانی- سوڈانی سیاسی عمل کی ضرورت ہے جو قومی اداروں کو مضبوط کرے اور سوڈان کی خودمختاری کا احترام کرے۔

اپنا تبصرہ لکھیں