کراچی (کورٹ رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت عالیہ نے پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کی حراست اور گمشدگی کے خلاف کیس کی سماعت کی، سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو مقدمہ درج کر کے 3 اکتوبر کو رپورٹ دینے کی ہدایت بھی کی۔ پولیس کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست گزار نے رجوع نہیں کیا۔ درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے عدالت کو بتایا کہ پہلے دن ہی عثمان ڈار کی گمشدگی سے متعلق درخواست جمع کرائی تھی۔
سرکاری وکیل نے کہا کہ درخواست گزار چاہیں تو پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرا سکتے ہیں، عثمان ڈار پولیس کی تحویل میں نہیں۔ درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر علی طاہر نے کہا کہ نگران وزیر داخلہ سندھ نے ٹی وی پروگرام میں اعتراف کیا ہے کہ عثمان ڈار پولیس کی تحویل میں ہیں، اب پولیس کہتی ہے کہ عثمان ڈار کو حراست میں نہیں لیا گیا۔