وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو بات چیت کا راستہ اپنانا چاہیے، تناؤ سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔
لاہور پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت میرے معمولی بیان پر بھی ناراض ہو جاتی ہے، پہلے وہ اپنی اداؤں پر غور کرے۔ ہم بار بار کہہ چکے ہیں کہ مل بیٹھ کر بات کریں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بات چیت کا کہہ رہے ہیں، لیکن جن سے بات کرنا چاہتے ہیں، وہ ان سے بات کرنے کو تیار نہیں۔ نو مئی کے واقعات اور ہیروں کی کرپشن قوم کے مفاد میں کیسے ہو سکتے ہیں؟
عظمیٰ بخاری نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) ہی قوم کے مفاد کے لیے کام کر رہی ہے، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب دن رات خدمت میں لگے ہیں۔ بلوچستان کے سیاسی مسائل کو بھی دوبارہ حل کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کچھ سیاستدان دہشت گردوں کے بیانیے کو تقویت دے رہے ہیں، جو ملک سے مخلص نہیں ہو سکتے۔