کراچی(کا مرس ڈیسک)سمٹ بینک لمیٹڈ کو یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سمٹ بینک کا نام تبدیل کر کے بینک مکرمہ لمیٹڈ (BML) رکھنے کی منظوری دے دی ہے جس کا اطلاق دیگر ریگولیٹری اور کارپوریٹ منظوریوں کے بعد ہو گا۔
نام کی تبدیلی متحدہ عرب امارات کے ممتاز سرمایہ کارعزت مآب ناصر عبداللہ حسین لوتاہ کی طرف سے حال ہی میں سمٹ بینک کے اکثریتی حصص کے حصول کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔ عزت مآب ناصرعبداللہ حسین لوتاہ کا عزم بینک مکرمہ لمیٹڈ کو ایک سرکردہ اسلامی بینک بنانا ہے جو اسلامی اصولوں کے عین مطابق مالیاتی خدمات اورجدید مصنوعات فراہم کرے گا۔
سمٹ بینک لمیٹڈ کے نام کی بینک مکرمہ لمیٹڈ میں تبدیلی اسلامی مالیاتی اصولوں کو اپنانے اور اپنے معزز صارفین کوجدید اور اخلاقی معیار کے مطابق مالیاتی خدمات فراہم کرنے کے لیے بینک کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔بینک مکرمہ لمیٹڈ ایک مکمل اسلامی بینک بننے کے لیے جامع منصوبہ کی تیاری پر عمل پیراہے۔
اس تناظر میں بینک کے آپریشنز کا مکمل جائزہ، شرعی اصولوں پر مبنی مالیاتی حل متعارف کرانا اور اسلامی بینکاری کے طریقوں پر عمل کرنا شامل ہوگا ۔ بینک مکرمہ لمیٹڈ تبدیلی کے اس مرحلے میں اپنے صارفین کی خدمت اور بغیر کسی رکاوٹ کے منتقلی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔بینک مکرمہ لمیٹڈ (BML) ایک مکمل اسلامی بینک بننے کے سفرکی جانب گامزن ہے اور اپنی پیشرفت کے بارے میں تازہ ترین معلومات فراہم کرتا رہے گا۔