دبئی: قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر سلمان مرزا نے سہ فریقی سیریز سے قبل کپتان سلمان علی آغا کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مشکل وقت میں بھی کھلاڑیوں پر دباؤ نہیں ڈالتے۔
ٹریننگ سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کپتان ہمیشہ مثبت رویہ اپناتے ہیں اور مسائل پر تعمیری انداز میں بات کرتے ہیں، یہی خوبی انہیں ایک بہترین لیڈر بناتی ہے۔ ٹیم کو ان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔
ایشیا کپ کے حوالے سے سلمان مرزا کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے تمام ٹیمیں یکساں اہمیت رکھتی ہیں۔ بھارت کے خلاف میچ ضرور دباؤ والا ہوتا ہے لیکن وہ کھلاڑیوں کے لیے خود کو ثابت کرنے کا بہترین موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیگر ٹیمیں بھی سخت حریف ہیں اور ہم ہر مقابلے کے لیے بھرپور تیاری کر رہے ہیں۔ اپنی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے سلمان مرزا نے کہا کہ وہ خود کو آل راؤنڈر نہیں سمجھتے، ان کا اصل کردار بولنگ ہے، تاہم ضرورت پڑنے پر وہ بیٹنگ کے ذریعے بھی میچ فنش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔









