پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اور معروف قانون دان سلمان اکرم راجا نے واضح کیا ہے کہ شاہ محمود قریشی کے پارٹی قیادت سنبھالنے کے امکانات ابھی دور ہیں کیونکہ ان پر پانچ سے چھ سنگین مقدمات تاحال زیرِ التواء ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ "یہ قیاس کرنا قبل از وقت ہوگا کہ شاہ محمود پی ٹی آئی کی باگ ڈور سنبھالیں گے، کیونکہ نہ وہ ابھی رہا ہو رہے ہیں اور نہ ہی قانونی رکاوٹیں ختم ہوئی ہیں۔”
انہوں نے موجودہ سیاسی و عدالتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "ہم سب ایک فسطائی نظام کا شکار ہیں، جس میں انصاف کا نظام باقی نہیں رہا بلکہ اسے دباؤ کا نظام بنا دیا گیا ہے۔ یہ مسئلہ صرف پی ٹی آئی کا نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔”
سلمان اکرم نے زور دیا کہ "زندہ قومیں ظلم و ناانصافی کے خلاف ردعمل دیتی ہیں، خاموش نہیں رہتیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستانی قوم اس ظلم کا جواب کیسے دیتی ہے۔”