اقوام متحدہ (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے فلسطین.اسرائیل تنازع پر کھلا اجلاس منعقد کیا، جس میں غزہ پٹی میں حماس کے زیرحراست 50 سے زائد یرغمال افراد کی سلامتی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نائب نمائندے گینگ شوانگ نے زور دے کر کہا کہ "تمام زندہ بچ جانے والے یرغمالیوں کو جلد از جلد رہا کیا جائے”، نیز انہوں نے فلسطین اور اسرائیل سے فوری اور پائیدار جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے "دو ریاستی حل” کو ازسرنو فعال بنانے کی اپیل کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ چین خلوص دل سے چاہتا ہے کہ تمام زندہ یرغمالیوں کے ساتھ انسانی سلوک کیا جائے، انہیں جلد رہائی ملے اور وہ اپنے خاندانوں سے جلد از جلد ملیں۔ چین یہ بھی چاہتا ہے کہ اس المیے سے ان پر پڑنے والے نفسیاتی زخم جلد مندمل ہوں۔
انہوں نے حالیہ میڈیا رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا جس کے مطابق اسرائیل غزہ پٹی میں فوجی کارروائی میں شدت اور مکمل قبضے کا فیصلہ کر چکا ہے۔گینگ شوانگ نے کہا کہ ہم اس خطرناک اقدام پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم اسرائیل سے فوری طور پر ایسی کارروائی روکنے اور تمام فریقوں سے پابند اور دیرپا جنگ بندی معاہدے پر فوری اتفاق کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔