ریاض،(انٹرنیشنل ڈیسک ) سعودی ولی عہد اور وزیرِاعظم محمد بن سلمان نے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید النہیان سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران یو اے ای کے خلاف ایران کے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ان حملوں کو بلا جواز قرار دیا۔
سعودی عرب کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد نے امارات کی سلامتی اور استحکام کے دفاع کے لیے اپنے ملک کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ دونوں رہنماﺅ ں نے اس ٹیلیفونک گفتگو میں خطے کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا اور پورے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے ممکنہ طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
دوسری جانب سعودی وزارتِ خارجہ نے بھی ایک بیان جاری کرتے ہوئے نہایت سخت لہجے میں ایران کے ان حملوں کی مذمت کی ہے، جنھیں وزارت نے میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے متحدہ عرب امارات میں غیر شہری اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے مترادف قرار دیا۔وزارتِ خارجہ نے ایک اماراتی کمپنی کے زیرِملکیت جہاز کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے کی بھی شدید مذمت کی ہے۔