جدہ(انٹرنیشنل ڈیسک)سعودی عرب نے کویت کی سرحدی چوکیوں پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے۔سعودی وزارت خارجہ کے مطابق عراق سے آنے والے ڈرونز کے حملے ناقابل قبول ہیں، سعودی عرب نے کویت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عراق سے ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عراق سے آنے والے ڈرونز کے ذریعے حملے ناقابل قبول ہیں اور یہ خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔بیان میں واضح کیا گیا کہ ایسے اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی ہیں جنہیں کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔سعودی عرب نے کویت کے ساتھ اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مملکت ہر مشکل گھڑی میں کویت کے ساتھ کھڑی ہے، وزارت خارجہ کے مطابق کویت کی سلامتی اور خودمختاری کا تحفظ نہایت اہم ہے اور اس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
بیان میں عراق سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ذمہ دارانہ رویہ اپنائے اور اپنی سرزمین کو ایسے حملوں کے لیے استعمال ہونے سے روکے، سعودی حکام نے زور دیا کہ خطے میں امن برقرار رکھنے کے لئے تمام ممالک کو سنجیدہ اور محتاط طرز عمل اختیار کرنا ہوگا۔
٭٭٭٭٭












