ریاض (نیوز ڈیسک)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے الریاض ایئر کے نام سے ایک نئی قومی فضائی کمپنی کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
سعودی میڈیاکے مطابق اس نئی فضائی کمپنی کے سربراہ اتحاد ایئر کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)ٹونی ڈگلس ہوں گے۔ اس فضائی کمپنی کے قیام کا مقصد مملکت کے تین براعظموں ایشیا، یورپ اور افریقا کے درمیان سفری روابط کو بہتر بنانا ہے۔سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (پی آئی ایف)نے کہا کہ نئی ایئر لائن سے تیل پر انحصار کم کرنے کی پالیسی کے تحت سعودی جی ڈی پی میں 20 ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے اور اس سے دو لاکھ سے زیادہ براہ راست اور بالواسطہ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔
الریاض ایئر کے صدر دفاتر سعودی دارالحکومت میں ہوں گے اور یہ مکمل طور پر پی آئی ایف کی ملکیت ہو گی۔ یہ نئی کمپنی 2030 تک دنیا بھر میں 100 سے زیادہ مقامات کے درمیان اپنی پروازیں چلائے گی۔پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے گورنر یاسر بن عثمان الرمیان کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سربراہ ہوں گے۔اس کی سینیر مینجمنٹ میں سعودی اور بین الاقوامی ملازمین دونوں شامل ہوں گے۔









