لاہور(نیوز ڈیسک )چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سعودی عرب پر حالیہ ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمِ اسلام کے خلاف گہری سازش قرار دیا ہے، انہوں نے واضح کیا ہے کہ حرمین شریفین کی سرزمین کا دفاع امتِ مسلمہ کے ایمان کا حصہ ہے اور اس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے عراق کی سرزمین سے سعودی عرب پرکئے جانے والے ڈرون حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی، چیئرمین پاکستان علما کونسل نے ان حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی اور خطے کے امن کو تباہ کرنے کی مذموم کوشش قرار دیا۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ ارضِ حرمین شریفین کا دفاع ہر مسلمان کی اولین ذمہ داری ہے، امتِ مسلمہ ارضِ حرمین شریفین کے ایک ایک ذرے کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے سعودی عرب کی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سعودی عرب پر ڈرون حملے دراصل امتِ مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کے خلاف ایک منظم سازش ہیں، یہ حملے ایک ایسے وقت میں کیے جا رہے ہیں جب خطے میں امن اور استحکام کےلئے سفارتی کوششیں عروج پر ہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ عراق کی سرزمین کو برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے خلاف استعمال کرنا کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا، پاکستان سمیت پوری دنیا کے مسلمان سعودی عرب کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کا دفاع، سلامتی اور استحکام ایک ہے، ہم سعودی قیادت اور عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ان حملوں کا نوٹس لیں اور ان عناصر کا محاسبہ کریں جو خطے میں فرقہ واریت اور عدم استحکام پھیلانا چاہتے ہیں، سعودی عرب نے ہمیشہ امتِ مسلمہ کی خدمت کی ہے اور آج امت مسلمہ ارض حرمین شریفین کے ایک ایک ذرے کے دفاع ، سلامتی و استحکام کیلئے سعودی عرب کی قیادت کے شانہ بشانہ ہے، پوری امت ان کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوگی۔