ریاض(انٹرنیشنل نیوز)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ اور برطانیہ کے وزیر خارجہ جیمز کلیورلی نے فون کال پر سوڈان کی صورت حال اور مسئلے کے حل کے لیے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
میڈیارپورٹس کے مطابق فون کال پر بات چیت کے دوران دونوں رہنمائوں نے سعودی عرب کی کوششوں کا جائزہ لیا جن کا مقصد جمہوریہ سوڈان میں سیاسی حل کی حمایت کرنا ہے۔بات چیت میں جدہ مذاکرات کی میزبانی کرکے سوڈانی فریقوں کو قریب لانے کے لیے سعودی عرب کی مسلسل کوششوں اور قلیل مدتی جنگ بندی اور انسانی ہمدردی کے انتظامات کے نتیجے میں ہونے والے معاہدوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
وزرائے خارجہ نے دونوں دوست ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کے فروع کے لیے مشترکہ تعاون کے منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دونوں فریقوں نے کہا کہ وہ سعودی عرب اور امریکہ کی ثالثی میں ایک ہفتہ طویل جنگ بندی معاہدے میں توسیع پر غور کر رہے ہیں، جس کا مقصد انسانی امداد کی تقسیم کی اجازت دینا ہے۔ یہ ڈیڈ لائن آج رات 09:45 پر ختم ہو رہی ہے۔









