ممبئی: اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی پراسرار موت کا کیس ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے، جب عدالت نے اداکارہ ریا چکرورتی کو باضابطہ نوٹس جاری کیا ہے تاکہ سی بی آئی کی کلوزر رپورٹ پر ان کا مؤقف حاصل کیا جا سکے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کی میجسٹریٹ عدالت میں سشانت کی بہنوں کے خلاف دائر شکایت کی سماعت کے دوران جج آر ڈی چاوان نے ریا چکرورتی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 12 اگست تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ یہ نوٹس اس لیے جاری کیا گیا تاکہ مدعی کو کیس بند کیے جانے کی تجویز پر قانونی طور پر اعتراض اٹھانے کا موقع دیا جا سکے۔
سی بی آئی نے مارچ 2025 میں کیس کی کلوزر رپورٹ جمع کرائی تھی، جس میں سشانت کی موت کے حوالے سے کسی بھی مجرمانہ سازش یا مداخلت کے ثبوت نہ ملنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ریا چکرورتی نے سشانت کی بہنوں پر یہ الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے بغیر کسی قانونی اجازت کے سشانت کو دوا فراہم کی، جو ممکنہ طور پر ان کی ذہنی حالت پر منفی اثر ڈال سکتی تھی۔ شکایت میں جعلی نسخے اور ادویات کے غیر قانونی استعمال کا ذکر بھی کیا گیا تھا۔
یہ مقدمہ نہ صرف تعزیراتِ ہند (IPC) بلکہ منشیات کنٹرول قوانین (NDPS Act) کی دفعات کے تحت بھی درج کیا گیا تھا۔ سشانت سنگھ راجپوت جون 2020 میں اپنے فلیٹ سے مردہ حالت میں پائے گئے تھے، اور ان کی موت نے پورے بھارت میں سنسنی مچا دی تھی۔