لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)سرکاری کالجوں میں 9 ہزار سے زائد عارضی اساتذہ کی بھرتی کے معاملے پر محکمہ ہائر ایجوکیشن نے بھرتی پالیسی میں اہم تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت عارضی اساتذہ کے معاوضے میں اضافہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق عارضی اساتذہ کا ماہانہ معاوضہ 50 ہزار روپے سے بڑھا کر 65 ہزار روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ گریجویٹ اور ایسوسی ایٹ کالجوں میں بھرتیاں 9، 9 ماہ کی مدت کے لیے کی جائیں گی۔
اس سے قبل گریجویٹ کالجوں میں 10 ماہ اور ایسوسی ایٹ کالجوں میں 6 ماہ کے لیے عارضی اساتذہ کی تقرریاں کی جاتی تھیں، تاہم نئی پالیسی کے تحت دونوں کیٹیگریز کے لیے مدتِ ملازمت یکساں 9 ماہ کر دی گئی ہے۔محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق بھرتیوں کی حتمی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز دیں گی۔
اس سلسلے میں ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (کالجز) نے تمام کالج پرنسپلز سے عارضی اساتذہ کی ضرورت اور طلب (ڈیمانڈ) طلب کر لی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ کالجوں سے موصول ہونے والی ڈیمانڈ کی بنیاد پر کنٹریکٹ ٹیچرز کی بھرتی کے لیے درکار بجٹ حکومت کو بھجوایا جائے گا۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن یکم ستمبر سے عارضی اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے آن لائن پورٹل کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے۔