اسلام آباد (شوبز ڈیسک) پاکستان ٹیلی وژن کی معروف اور سینئر نیوز کاسٹر عشرت فاطمہ نے کہا ہے کہ وہ اپنے سانولے رنگ کے باعث احساسِ کمتری کا شکار رہتی تھیں۔
حال ہی میں توثیق حیدر کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عشرت فاطمہ نے اپنی زندگی کے ایک نہایت تکلیف دہ لمحے کا ذکر کیا اور بتایا کہ ماضی میں اپنے سانولے رنگ کے باعث احساسِ کمتری کا شکار رہتی تھی۔انہوں نے کہا کہ میں اللہ سے اپنے رنگ کے بارے میں شکوے بھی کیا کرتی تھی، لیکن آج کامیابی ملنے کے باوجود مجھے خود پر غرور نہیں، بلکہ اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں، میرے شوہر نے ہمیشہ مجھے بے حد سپورٹ کیا۔
عشرت فاطمہ نے اپنی پہلی بیٹی کے انتقال کا ذکر کرتے ہوئے نہایت جذباتی انداز میں کہا کہ میری پہلی بیٹی پیدائش کے وقت انتقال کر گئی تھی اور میں نے اپنی بہن سے پہلا سوال اس کے رنگ کے بارے میں کیا تھا، آج مجھے اس بات پر بہت افسوس ہوتا ہے، جب بھی میں اپنی بیٹی کی قبر پر جاتی ہوں تو اس سے معافی مانگتی ہوں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے رنگت سے متعلق یہ سوچ ہمارے معاشرے میں بچپن سے ذہنوں میں بٹھا دی جاتی ہے۔