لاہور (نمائندہ خصوصی) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے اعظم خان کے انکشاف پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو گمراہ کرنے والوں کا پردہ چاک ہوگیا اور ایک مرتبہ پھرسازشیں بے نقاب ہوئیں،
جھوٹ اور گمراہ کن بیانیہ فتنے کی سیاست کو کسی طور تحفظ نہیں دے سکتا۔انہوں نے کہا کہ سابقہ دور میں وزیراعظم ہاوس گھنائونی سازشوں کا گڑھ بنا رہا، پی ٹی آئی کی سازشی سیاست نے ملکی معیشت اورخارجہ تعلقات تباہ کردیے، اعظم خان کا بیان حقائق واضح کرنے کیلئے کافی ہے، مزید لوگ بھی بولیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اعظم خان کے اعتراف سے ثابت ہوگیا کہ استحکام پاکستان پارٹی کیوں وجود میں آئی، ہم ایسے ملک دشمن اور مکروہ ذہن کے ساتھ نہیں چل سکتے تھے۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ واضح ہو گیا کہ سیاسی مقاصد کے لئے رچایا گیا سائفر کا ڈرامہ ایک شخص کا اسکرپٹ تھا، سائفر کو سازش بنا کرملکی سلامتی سے کھیلا گیا،قرار واقعی سزا ملنی چاہیے۔