لاہور(نیوز رپورٹر )سابق سینیٹر اعجاز چوہدری کو طبیعت ناساز ہونے کے باعث کوٹ لکھپت جیل سے سروسز ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق جیل میں اچانک طبیعت بگڑنے پر ڈاکٹروں نے ان کا طبی معائنہ کیا اور فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی۔
اعجاز چوہدری کو ہسپتال منتقل کیے جانے کے بعد ڈاکٹروں کی ایک خصوصی ٹیم نے ان کا مکمل طبی معائنہ شروع کر دیا ہے۔ اس موقع پر ہسپتال میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی غیر متعلقہ فرد کی آمد و رفت کو روکا جا سکے۔
واضح رہے کہ اعجاز چوہدری اس سے قبل بھی متعدد بار طبی معائنے کے لئے ہسپتال لائے جا چکے ہیں۔ انہیں ماضی میں آنکھوں کے انفیکشن، عارضہ قلب اور بلڈ پریشر کے مسائل کا سامنا رہا ہے، جس کے باعث وہ مسلسل طبی نگرانی میں رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی حتمی رپورٹ کے بعد ہی ان کی صحت کے حوالے سے مزید صورتحال واضح ہو سکے گی۔