کراچی (شوبز ڈیسک)معروف ٹی وی میزبان و اداکارہ ندا یاسر نے اپنے فٹنس اور صحت کے سفر کے بارے میں بتایا ہے کہ کن ذاتی تجربات نے انہیں اپنی صحت کو زیادہ سنجیدگی سے لینے پر مجبور کیا۔ندا یاسر نے اپنے فٹنس روٹین کا ذکر کرتے ہوئے ساس کی زندگی کا واقعہ یاد کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایک وقت میں میری والدہ اور میری ساس بہت توانا تھیں اور روزمرہ کے کام آسانی سے انجام دیتی تھیں، تاہم بعد میں وہ بستر تک محدود اور معمولی کاموں کے لیے بھی دوسروں کی مدد کی محتاج ہو گئیں۔انہوں نے کہا کہ ان تجربات نے مجھ پر گہرا اثر ڈالا اور مجھے احساس ہوا کہ اگر میں آج اپنی صحت کا خیال رکھوں گی تو مستقبل میں بھی خود مختار اور دوسروں کی مدد کی محتاج ہونے سے بچ سکتی ہوں۔
ندا یاسر کے مطابق میں تقریبا 2 سال سے باقاعدگی سے جم جا رہی ہوں اور فٹنس کو اپنی روزمرہ زندگی کا مستقل حصہ بنا چکی ہوں۔انہوں نے بتایا کہ میں گزشتہ 15 برس سے مارننگ شو کی میزبانی کر رہی ہوں اور شو ختم کرنے کے بعد بھی جم جانے، سفر کرنے اور ورزش میں کئی گھنٹے صرف کرتی ہوں۔ندا یاسر کا کہنا ہے کہ میں خود کو مضبوط، صحت مند اور خود مختار رکھنا چاہتی ہوں تاکہ مستقبل میں بچوں کو میری دیکھ بھال کرنے یا روزمرہ کے کاموں میں مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے دیکھنے کی نوبت نہ آئے۔