فیصل آباد (ایجوکین ڈیسک)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تین روزہ میلہ مویشیاں کا آغاز ہو گیاہے فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری جامعہ زرعیہ فیصل آباد اور بین الاقوامی گوٹ اینڈ بُل ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سالانہ مقابلہ جات برائے حسن و وزن بکرا ، چھترا، بچھڑا اور اونٹ منعقد کیے جا رہے ہیں۔
جس میں ملک بھر سے تعلق رکھنے والے کاشتکاروں کے مویشی حصہ لے رہے ہیں۔ میلے کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کیا جبکہ اس موقع پر ڈین اینیمل ہسبنڈری ڈاکٹر قمر بلال،ایسوسی ایشن کے چیئرمین چوہدری عطا محمد گجر ، چوہدری اشرف گجر، ڈائریکٹر ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر جعفر جسکانی،چیئرمین شعبہ انٹومالوجی پروفیسر ڈاکٹر جلال عارف ، ڈاکٹر سیف الرحمن و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں فی جانور دودھ کی پیداوار ترقی یافتہ ممالک کی نسبت بہت کم ہے جس کیلئے ہمیں زیادہ پیداواریت کی حامل نسلوں کو پروان چڑھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی ہر سال میلہ مویشیاں کا انعقاد کر تی ہے تاکہ کاشتکاروں کو مقابلے کی فضا کر فروغ دیتے ہوئے زیادہ پیداوار دینے والی نسلوں کو فروغ دیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ان میلا جات کا مقصد کاشتکاروں اور زرعی ماہرین کے مابین تعاون اور رابطوں کو تقویت دی جاسکے تاکہ کاشتکاروں کے حقیقی مسائل کا سائنسی بنیادوں پر حل تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ کسانوں کو جدید رجحانات سے بھی روشناس کروایا جاسکے۔ ڈاکٹر قمر بلال نے کہا کہ ان مقابلہ جات میں بکریوں کے دودھ ، چھترا وزن ، اونٹ وزن، بچھڑے وزن، کراس ٹیڈا وزن، پیور ٹیڈا وزن اور بکروں اور اونٹوں کے مقابلہ حسن کا اہتمام کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوزیشن حاصل کرنے والوں کو لاکھوں روپے کے انعامات سے نوازا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی فیکلٹی لائیوسٹاک سیکٹر میں بہتری کیلئے تحقیقات ، آﺅٹ ریچ اور تربیت یافتہ افرادی قوت کی بدولت تمام کوششیں کر رہی ہے تاکہ ملکی سطح پر فوڈ سیکورٹی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکے۔









