شعیب ملک

ریڈ بال کے ماہر کھلاڑیوں کو مالی طور پر بہتر مراعات دی جائیں،شعیب ملک

کراچی(سپورٹس نیوز ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کے گرتے ہوئے معیار کی بحالی کےلئے ڈومیسٹک ریڈ بال ڈھانچے میں بڑی اصلاحات پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ریڈ بال کے ماہر کھلاڑیوں کو مالی طور پر بہتر مراعات دی جائیں تاکہ ٹیسٹ کرکٹ کو دوبارہ مضبوط کیا جا سکے۔شعیب ملک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی حالیہ مایوس کن کارکردگی کے بعد اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے ٹیسٹ کرکٹ کو بہتر بنانے کا حل پیش کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکام کو ریڈ بال اسپیشلسٹس کو ترجیح دینی چاہیے، جس کے لیے بہتر سینٹرل کنٹریکٹس اور مراعات ضروری ہیں۔ پاکستان کیلئے 287 ون ڈے، 35 ٹیسٹ اور 124 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے شعیب ملک کا ماننا ہے کہ مالی تحفظ ملنے سے کھلاڑی فرسٹ کلاس کرکٹ سے جڑے رہیں گے اور فرنچائز لیگز کی طرف غیر ضروری جھکا کم ہوگا۔شعیب ملک نے کہا کہ ریڈ بال کرکٹ کو مضبوط بنانے کے لیے ہمیں ماہر کھلاڑیوں کو پرکشش ریڈ بال کنٹریکٹس دینے ہوں گے۔

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ اس طرح کی مراعات سے کھلاڑی طویل فارمیٹ کے ساتھ وابستہ رہیں گے اور ہر سیزن کم از کم 5 فرسٹ کلاس میچز کھیلنے کے پابند ہوں گے، جبکہ فرنچائز کرکٹ کے دبا میں آ کر اپنی قدرتی کھیلنے کی صلاحیت بدلنے سے بھی بچیں گے۔شعیب ملک نے بین الاقوامی سطح پر معیار بلند کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے تقاضوں میں واضح فرق ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر آدھی تیاری کے ساتھ کامیابی ممکن نہیں۔ ہمیں مکمل طور پر تیار اور پرعزم کھلاڑی درکار ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں