پاکستان میں سیاسی سرگرمیوں میں ایک اور نیا موڑ آ گیا ہے، جب سابق وزیرِاعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور صحافی ریحام خان نے اپنی نئی سیاسی جماعت ’پاکستان ریپبلک پارٹی‘ کے قیام کا اعلان کر دیا۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ ان کی جماعت عوامی آواز بنے گی اور ہر سطح پر عام شہری کے مسائل کو اجاگر کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے سے سیاست سے دور رہیں، لیکن حالات نے مجبور کیا کہ وہ عملی سیاست میں قدم رکھیں۔
ریحام خان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر صوبہ محرومی کا شکار ہے، اور پارلیمنٹ میں صرف مخصوص خاندانوں کی اجارہ داری ہے۔ وہ ایک ایسی تحریک کا آغاز کر رہی ہیں جس کا مقصد سیاسی نظام کو شفاف، باوقار اور عوامی بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ قیادت بدلے اور عام لوگوں کو نمائندگی ملے۔ بجٹ، مہنگائی، زراعت، ٹیکس، اور بنیادی سہولتوں کے مسائل کو وہ اپنی ترجیحات میں شامل کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے چہرے بدلنے کا وقت آ چکا ہے۔









