ممبئی میں بھارتی فلم سو لانگ ویلی کے پریمیئر کے موقع پر ایک حیران کن واقعہ پیش آیا جب معروف ماڈل و اداکارہ روچی گُجر نے اسٹیج پر فلم کے پروڈیوسر کرن سنگھ کو چپل سے مار دیا۔ واقعے کی ویڈیوز دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جن میں روچی کو غصے سے بھرپور انداز میں احتجاج کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
واقعے کی جڑ ایک مالی تنازع ہے جس کے مطابق روچی گُجر نے پروڈیوسر پر 23 لاکھ بھارتی روپے کی دھوکہ دہی کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کرن سنگھ نے فلم کے نام پر ان سے بھاری رقم وصول کی لیکن بعد میں وعدے پورے نہ کیے۔
پولیس کے مطابق روچی نے واقعے سے ایک دن قبل اوشیوارا پولیس اسٹیشن میں کرن سنگھ کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی تھی۔ مقدمہ متعدد دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے جن کا تعلق مالی دھوکہ دہی اور فریب سے ہے۔
پریمیئر کے دوران یہ واقعہ نہ صرف فلمی حلقوں میں سنسنی کا باعث بنا بلکہ عام عوام اور انٹرنیٹ صارفین کی بھی توجہ کا مرکز بن گیا۔









