لاہور (کامرس ڈیسک) فائونڈر گروپ کے سرگرم رکن وپاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے کہا ہے کہ ملک میں بے روزگاری کی بڑھتی ہوئی شرح کو روکنے اور معاشی ہیجانی کیفیت سے نکلنے کیلئے ڈالر کی اونچی اوڑان پر قابو پانا ضروری ہے ۔
ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ ڈالر کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے پاکستانی معیشت کی کمر توڑ دی ہے ۔
ڈالر کی اونچی اوڑان میں روپے کی گرتی قدر انتہائی خوفناک ہے ڈالر کی قیمت میں اضافہ سے بیرونی قرضوں میں اربوں ڈالر کا اضافہ ہوجاتا ہے ۔ روپے کی قدرمیں کمی ڈالر میںتاریخی اضافہ معیشت کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے،روپے کا زوال کئی سالوں کی ترقی کو ختم کردے گا۔فائونڈر گروپ کے رہنما میاں محمد اشرف نے کہا کہ روپے کی گراوٹ معیشت کیلئے خطرناک ہے ۔
ڈالر بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد غیر ملکی قرضوں میں اربوں روپے اضافہ ساتھ ساتھ صنعتی شعبہ میں استعمال ہونے والا درآمدی خام میٹیریل بھی مہنگا ہورہا ہے جس سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ سے اشیاء مہنگی اور مہنگائی میں ہوشربا اضافہ کے ساتھ ساتھ بیرون ملک پاکستانی مصنوعات کی مانگ میں کمی سے ملکی برآمدات میں بھی کمی سے تجارتی خسارہ بڑھے گا۔اس لیے حکومت ڈالر کو کنٹرول اور روپے کی قدر میں اضافہ کیلئے اقدامات کریں۔