کراچی:
درآمدات میں اچانک اضافے اور آئی ایم ایف اجلاس سے جڑی غیر یقینی صورتحال کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں اضافہ دیکھا گیا، تاہم اوپن مارکیٹ میں روپے نے معمولی برتری حاصل کی۔
تین سال بعد ماہانہ نان آئل درآمدات 3.80 ارب ڈالر تک پہنچنے اور قرض کی قسط میں ممکنہ تاخیر نے انٹربینک میں دباؤ بڑھایا۔ دوسری طرف، ریکارڈ ترسیلات زر اور کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس کی امید نے مارکیٹ کے اعتماد کو جزوی سہارا دیا۔
کاروباری دن کے دوران انٹربینک میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 280.42 روپے تک گری، مگر درآمدی طلب کے باعث آخر میں 14 پیسے کے اضافے سے 280.60 روپے پر بند ہوئی۔ اس کے برعکس اوپن مارکیٹ میں ڈالر معمولی کمی کے ساتھ 282.06 روپے پر بند ہوا۔