کیف (نیوز ڈیسک)یوکرین میں روس کے میزائل اور ڈرون حملوں میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔یوکرینی حکام کے مطابق روس کے میزائل اور ڈرون حملوں میں یوکرین کے مختلف علاقوں میں 8 افراد ہلاک اور 34 زخمی ہوئے۔ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے ان حملوں کو ہولناک قرار دیا۔
زیلنسکی کے مطابق دنیپرو میں روسی میزائل حملے میں کم از کم 5 افراد جان سے گئے جبکہ 28 زخمی ہوئے۔ صدر زیلنسکی نے بتایا کہ روس نے سومی، اوڈیسا، خیرسون اور خارکیف کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا۔ادھر زافورزیامیں روسی ڈرون حملے کے نتیجے میں مزید 3 افراد ہلاک اور 6 زخمی ہوئے، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
دوسری جانب روسی صدارتی محل کریملن نے کہا ہے کہ امن معاہدے سے متعلق روس کا موقف 2024 سے تبدیل نہیں ہوا۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے مطابق یوکرین کو ان چار علاقوں سے افواج واپس بلانا ہوں گی جنہیں ماسکو اپنا حصہ قرار دیتا ہے اور نیٹو میں شمولیت کے منصوبے ترک کرنا ہوں گے۔ پیوٹن نے ایک انٹرویو میں کہا کہ روس ان علاقوں پر مکمل کنٹرول کے ہدف پر قائم رہے گا اور لڑائی محدود کرنے کی یوکرینی تجویز کو مسترد کیا۔