اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کی زیر صدارت اجلا س میں منی لانڈرنگ کیس میں عدالت کے فیصلے کو انصاف پر مبنی قرار دیتے ہوئے شہزاد اکبر کے انتقامی اور فاشسٹ رویہ کی مذمت کی ہے ۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان کی زیر صدارت اسپیشل سنٹرل کورٹ لاہور کی منی لانڈرنگ کیس میں فیصلے پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ، سیکریٹری قانون راجہ نعیم اکبر، ڈی جی ایف آئی اے محسن حسنبٹ، اسپیشل سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے شرکت کی ۔فیصلے میں عدالت نے سلیمان شہباز سمیت تمام ملزمان کو بری کر دیا تھا۔
مزید براں، عدالت نے سیاسی بنیاد پر ایک جھوٹا مقدمہ بنانے پر سابق مشیر شہزاد اکبر اور اس وقت کیایف آئی اے کے عہدیداران کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی کی تھی۔اجلاس میں عدالتی فیصلے کو انصاف پر مبنی قرار دیا گیا اور سابق حکومت اور سابق مشیر داخلہ شہزاد اکبر کے انتقامی اور فاشسٹ رویہ کی مذمت کی گئی۔اجلاس میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ کس طرح سرکاری افسران کو دباؤ کا شکار کر کے جھوٹے مقدمے قائم کئے گئے۔