اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے معاشی استحکام کے لیے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کا سراہا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے، ملکی ترقی کے لیے معیشت کی مضبوطی ناگزیر ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ اتحادی حکومت کی جانب سے معاشی مشکلات کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی احسن اقدام ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے موجودہ معاشی ٹیم کے لیے تعریفی کلمات پر شکریہ ادا کیا۔وزیر خزانہ نے کہاکہ موجودہ حکومت کو معاشی مشکلات ورثے میں ملی ہیں، آئند ہ مالی بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہاکہ موجودہ معاشی ٹیم ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے دن رات مصروف عمل ہے۔