اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیف ایگزیکٹو طارق ساگا سے ملاقات کی جس میں انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان سعودی عرب کرکٹ کی بہتری اور مہارت کو فروغ دینے میں مدد کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ہونیوالی ملاقات میں کرکٹ کے امور سمیت سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سعودی کرکٹ کی مہارت میں بہتری لانے اور سعودی کرکٹرز کی تربیت کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں ذکا ء اشرف نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کرکٹ کی بہتری اور مہارت کو فروغ دینے میں مدد کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طویل برادرانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب کرکٹ کی بہتری کے لئے ہر تعاون دینے کے لئے تیار ہیں۔